بسم ﷲ الرحمٰن الرحیم

روضہ رسول اللهﷺ کی زیارت کے ٧ آداب

 

 

Sarah Siddiqui

TIL Women Urdu – Year 6

 

 

ہر مسلمان کی یہ دلی خواہش ہوتی ہے کہ وہ روضہ رسولﷺ کی زیارت بار بار کرے۔ لیکن نبی کریمﷺ سے بے پناہ محبت اور جذبات کے باوجود ہم میں سے بہت سے لوگ اس مقدس مقام کی زیارت کے صحیح آداب کو اپنانے سے قاصر رہتے ہیں۔ بعض اوقات یہ شدید جذبات ہمیں بے ادبی اور بد تمیزی کی طرف لے جاتے ہیں۔ لہذا، ان جذبات کے بہاؤ میں بہنے کے بجائے ان آداب كا خیال رکھنا چاہیے۔

 

  1. نیت کی درستگی

– سب سے پہلے ہمیں اپنی نیت کا جائزہ لینا چاہیے کہ آیا ہماری زیارت اللہ کی رضا کے لئے ہے یا صرف لوگوں کو دکھانے کے لئے ہے۔

– جب ہم اپنی نیتوں کا خیال نہیں رکھتے تو شیطان ہمارے اچھے اعمال میں دنیاوی خواہشات شامل کر دیتا ہے۔- لہذا، ہمیں ہوشیار رہنا چاہیے کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ صرف انہیں اعمال کو قبول کرتا ہے جو خالصتاً اس کی رضا کے لئے ہوتے ہیں نہ کہ دنیا کے لئے۔

 

  1. دل کی صفائی

– مدینہ منورہ پہنچنے سے پہلے ہمیں اپنے دل کو تمام گناہوں اور منفی خیالات سے پاک کرنا چاہیے۔

– لیکن ہمیں کیسے معلوم ہو کہ ہمارے دل کو صفائی کی ضرورت ہے؟ یہ بہت آسان ہے، اگر ہمیں اندر سے محسوس ہو کہ ہمارے دل میں حسد، کینہ، غرور، لالچ، شدید غصہ ہے تو یہ منفی جذبات ہیں جنہیں روضہ رسولﷺ کی زیارت سے پہلے دور کرنا ضروری ہے۔

– اگر فوراً یہ حاصل نہ ہو سکے تو پریشان نہ ہوں، بس ہر ممکن کوشش کریں کہ ان منفی جذبات سے بچا جا سکے۔

 

  1. اعمال کی صفائی

– ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ ہم رسولﷺ سے اس حالت میں ملیں کہ ہم اپنی نمازوں یا دیگر فرائض سے غافل ہوں۔ تو پھر ہم ان کے وصال کے بعد ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟

– لہذا، ہمیں اپنے اعمال کا خیال رکھنا چاہیے اور نہ صرف اپنے فرائض کو پورا کرنا چاہیے بلکہ استغفار میں اضافہ کرنا چاہیے جو کہ نبی کريمﷺ کی محبوب سنت تھی۔ اور اپنے محبوب رسولﷺ کے روضہ پر پہنچنے سے پہلے نوافل ادا کریں۔ اور کھلے یا چھپے گناہوں سے بچنے کی کوشش کریں۔

 

  1. مقامِ رسول اللهﷺ کی معرفت

واقعی جو لوگ رسول اللہﷺ کے مقام کو جانتے ہیں وہی لوگ روضہ شریف کا ادب جانتے ہیں ۔ امام مالک رحمۃ اللہ علیہ کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ مدینہ منورہ کا اتنا احترام کرتے تھے کہ وہ اونٹنی پر نہیں بیٹھتے تھے بلکہ پیدل چلتے تھے کہ کہیں ان کی اونٹنی اس مقام پر قدم نہ رکھ دے جہاں رسول اللہﷺ نے قدم رکھا ہو۔

 

  1. رسول اللهﷺ کے لئے تحفہ تیار کرنا

– جب کوئی شخص اپنے محبوب سے ملنے جاتا ہے تو وہ لازما تحفہ ساتھ لے جاتا ہے۔ تو ہم اپنے محبوب رسول اللهﷺ کے روضہ پر بغیر تحفے کے کیسے جا سکتے ہیں؟ ہم بہت سا درود و سلام اور دیگر عبادات جیسے قرآن کی تلاوت کو اپنے دل کی محبت کا تحفہ بنا سکتے ہیں۔

– امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کے بارے میں روایت ہے کہ انہوں نے مکہ سے مدینہ کا سفر کیا جو 13 دن کا تھا اور ان 13 دنوں میں انہوں نے قرآن مجید 13 مرتبہ مکمل کیا۔

  1. روضہ مقدسہ کی زیارت کے آداب
  2. سب سے پہلے ہمیں غسل کرنا چاہیے اور صاف ستھرے کپڑے پہننے چاہئیں۔
  3. حرم کی طرف نرمی اور احترام کے ساتھ چلیں۔
  4. مسجد نبوی میں داخل ہونے کی دعا پڑھیں: بسم الله والصلاة والسلام علی رسول الله اللھم اغفرلی ذنوبي، وافتح لی أبواب رحمتک․
  5. تحیۃ المسجد کی نماز پڑھیں۔
  6. اس جگہ کی عظمت اور رسول اللهﷺ کے بلند مقام پر غور کریں۔
  7. روضہ شریف کے قریب آہستہ اور نرمی کے ساتھ نظریں نیچی رکھ کر چلیں اور وہاں رک جائیں جہاں کھڑے ہونے کے لیے جگہ ہو۔
  8. روضہ شریف کے قریب رسول اللهﷺ کو درمیانی آواز میں سلام کریں اور ان لوگوں کا سلام بھی عرض کریں جنہوں نے آپ سے سلام پہنچانے کی درخواست کی ہو۔
  9. پھر دائیں طرف ہلکا سا کھسکیں اور ابو بکر رضی الله عنہ اور عمر رضی الله عنہ کو سلام کریں۔
  10. ریاض الجنۃ میں نماز پڑھیں۔
  11. دعائیں کریں۔
  12. اللہ کا شکر ادا کرنا

آخر میں اللہ کا شکر ادا کرنا ہے کہ اس نے ہمیں  روضہ شریف کی زیارت کا شرف عطا کیا۔

اللہ تعالٰی ہم سب کو بار بار روضہ شریف میں حاضری کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

 

جزاک اللہ خیرا