بسم ﷲ الرحمٰن الرحیم

ماه ذوالحجہ کی عشرہ اول کی فضيلت

 

 

Iltija Firdaus

TIL Women Urdu – Year 5

 

 فضیلت عشرہ ذو الحجہ:

پہلی فضیلت: حرمت کے اعتبار سے سب سے عظیم مہینہ

نبیﷺ کا ارشاد ہے:

سَیِّدُ الشُّھُوْرِ شَھْرُ رَمَضَاَن وَ اَعْظَمُھَا حُرْمَةً ذُو الْحِجَّةِ

 (شعب الایمان: 3479)

ترجمہ: تمام مہینوں کا سردار رمضان کا مہینہ ہے اور ان میں حرمت کے کے اعتبار سے سب سے عظیم ذی الحجہ کا مہینہ ہے

 

 

دوسری فضیلت: ذوالحجہ کی دس راتوں کی قسم

حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے آپ ﷺ نے فرمایا:

 

 

اَللَّیَالِیْ الَّتِیْ أَقْسَمَ اللّٰهَ عَزَّوَجَلَّ بِھِنَّ الْعَشْرُ الْأَوَّلُ مِنْ ذِی الُحِجَّةِ

 (شعب الایمان: 3470)

ترجمہ: دس راتیں جن کی اللہ تعالی نے قسم کھائی وہ ذوالحجہ کی ابتدائی دس راتیں ہیں۔

 

 

تیسری فضیلت: سب سے افضل اور عظمت والے ایام:

حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا:

 

 

مَا مِنْ أَیَّامٍ اَفْضَلُ عِنْدَ اللّٰهِ وَ لاَ الْعَمَلُ فِیْھِنَّ أَحَبُّ إلَى اللّٰهِ عَزَّوَجَلَّ مِنْ ھٰذِہِ الْأَیَّامَ الْعَشْرِ

 (شعب الایمان: 3481)

ترجمہ: اللہ تعالی کے نزدیک کوئی دن ان دس دنوں سے زیادہ افضل نہیں ہیں اور ان میں کۓ جانے والے اعمال سے زیادہ کوئی عمل اللہ تعالیٰ کو محبوب اور پسندیدہ نہیں ہے ۔

 

چوتھی فضیلت: عشرہ ذو الحجہ کے اعمال کا سب سے افضل ہونا:

 

نبی اکرم ﷺ کا ارشاد ہے:

 

 

مَا مِنْ أَیَّامٍ اَلْعَمَلُ الصَّالِحُ فِیْھَا أَحَبُّ إِلَىَ اللّٰه مِنْ ھٰذِہِ الْأَیَّامِ یَعْنِیْ أَیَّامَ الْعَشْرِ، قَالُوْا: یَا رَسُوْلَ اللّٰهِ! وَ لاَ الْجِھَادُ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ ؟ قَالَ: وَ لَا الْجِھَادُ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ إِلاَّ رَجُلٌ خَرَجَ بِنَفْسِهٖ و مَالِهٖ فَلَمْ یَرْجِعْ مِنّ ذٰلِكَ بِشَيْءٍ

(ابو داؤد: 2438)

ترجمہ: کوئی دن ایسے نہیں جن میں کۓ جانے والے اعمال صالحہ اللہ تعالی کے نزدیک ذی الحجہ کے دس ایام سے زیادہ محبوب ہوں، لوگوں نے دریافت کیا یا رسول اللہ ﷺ ! کیا اللہ کے راستے میں جہاد کرنا بھی ان کے برابر نہیں ؟ آپ ﷺ نے فرمایا : ہاں، مگر وہ شخص جو جو اللہ کے راستے میں اپنی جان لیکر نکلا ہو اور کچھ بھی واپس لیکر نہ آۓ۔ (یعنی شہید ہو جائے)

ایک روایت میں ہے:

و الْعَمَلُ فِیْھِنَّ یُضَاعَفُ سَبْعَ مِأَۃِ ضِعْفٍ

 (شعب الایمان: 3481)

ترجمہ: ان دس دنوں میں کۓ جانے والے عمل کا بدلہ سات سو گنا (×700) بڑھا دیا جاتا ہے

 

 

امام اوزاعیؒ فرماتے ہیں کہ بنی مخزوم کے ایک قریشی شخص نے مجھ سے یہ حدیث مرفوعاً نقل کی ۔

 

پانچویں فضیلت: ایک دن کا روزہ ایک سال کے روزوں کے برابر:

 

 نبی اکرم ﷺ کا ارشاد ہے:

 

یَعْدِلُ صِیَامَ کُلِّ یَوْمٍ مِّنْھَا بِصِیَامِ سَنَةٍ

 (ترمذی: 758)

ترجمہ: ذی الحجہ کے دس دنوں میں (ابتدائی نو دنوں میں سے) ہر دن کے روزے کا ثواب ایک سال کے روزوں کے برابر ہے۔

 

چھٹی فضیلت: ہر رات کی عبادت کا ثواب شب قدر کے برابر

 

نبی اکرم ﷺ کا ارشاد ہے:

وَ قِیَامُ کُلِّ لَیْلَةٍ مِّنْهَا بِقِيَامِ لَيْلَةِ الْقَدْرِ

 (ترمذی: 758)

ترجمہ: ذی الحجہ کے ان دنوں میں ہر رات کے قیام کا ثواب لیلۃ القدر کے قیام کے برابر ہے

رمضان المبارک اور ذوالحجہ کی مشترکہ خصوصیات:

 

  • رمضان برکت والا مہینہ
  • ذوالحجہ رحمت و برکت والا مہینہ
  • رمضان میں روزے فرض
  • ذوالحجہ میں حج فرض
  • رمضان میں قرآن کا نزول
  • ذوالحجہ میں قرآنی احکامات کی تکمیل
  • رمضان کے اخیر عشرے میں شب قدر
  • ذوالحجہ کی پہلے عشرے کی ہر رات شب قدر
  • رمضان میں جہنم سے خلاصی
  • ذوالحجہ میں یوم عرفہ کو بے شمار لوگوں کی جہنم سے خلاصی
  • رمضان میں افطار و سحر قبولیت دعا کا وقت
  • ذوالحجہ میں یوم عرفہ مکمل قبولیت دعا کا دن
  • رمضان المبارک میں خصوصی رحمت کا نزول
  • عشرہ ذوالحجہ میں رحمت و مغفرت کی برسات
  • رمضان المبارک کا قرآن میں تذکرہ
  • عشرہ ذوالحجہ کا بھی قرآن میں ذکر
  • رمضان المبارک میں صدقۂ فطر کے ذریعہ فقراء و مساکین کی مدد
  • عشرہ ذوالحجہ میں قربانی کے گوشت کے ذریعہ فقراء و مساکین کی امداد
  • رمضان المبارک کے بعد عید الفطر
  • عشرہ ذوالحجہ کے بعد عید الاضحیٰ

 

 

 

جَزَاكَ ٱللَّٰهُ