بسم ﷲ الرحمٰن الرحیم

ایک مسنون دعا کئی امراض سے شفا

 

 

RABIA ZAHEER

TIL Women Urdu – Year 1

 

 

 

دنیا کا سب سے خوبصورت احساس رب اور عبد کے مابین ان سرگوشیوں کا وجود ہے جو زیرِ لب دھیرے دھیرے دعا کا روپ دھار لیتی ہیں۔ وہ آہیں، وہ بے تابی، وہ بے بسی، وہ اظہارِ محتاجگی عجب اک راز ہے، خالق اور مخلوق کا یہ محبانہ رشتہ اک عجیب سرور و مستی کا پیکر  ہے ۔ دنیا میں رب کو پکارنے کی لذتیں اور پھر ان نداؤں پر رب کا لبیک کہہ دینا سبحان اللہ۔۔۔ انبیاء کرام علیہ السلام نے عجب اک اندازِ دعا لیے جب اللہ تعالٰی کو پکارا تو کچھ دعائیں امر ہوگئیں اور بعد میں آنیوالوں کے لیے ایک امید ر بن کر عیاں ہوئیں۔

 

ہمارے محبوب حضرت محمد ﷺ کی حیاتِ طیبہ کا ہر گوشہ ہمارے لیے کامل راہنمائی لیے ہوئے ہے۔ جہاں زندگی کے ہر گوشے کو سنّت کے رنگ میں رنگنے کی چاشنی ہے ،برکات ہیں وہیں آقا ﷺ نے ہمیں ایک عظیم الشان تحفے سے نوازا جس کو مسنون دعائیں کہتے ہیں۔ آپ ﷺ کی زبان مبارک سے نکلی ہوئی وہ ندائیں جن کی قبولیت دو جہاں میں ہے، وہ ہمارے لیے ہیرے جواہرات موتیوں کی مانند قیمتی ہیں جن سے ہم اپنی راحتِ دو جہاں کا ساماں کر سکتے ہیں اپنی بے نور زندگی کو یادِ الٰہی سے منور کر سکتے ہیں۔ وہ خاص دعائیں نبی کریم ﷺنے امّت کو سکھائیں تاکہ ان کے امتی ان دعاؤں کے ذریعے اپنے رب سے ہمہ وقت راز و نیاز کرتے رہیں۔

 

مسنون دعائیں صبح صادق سے لے کر رات کی تاریکی تک ہر کام کرتے ہوئے آپ ﷺ نے مانگیں، ہر لمحہ اپنے رب سے خیر مانگی سبحان اللہ۔۔۔ سونے جاگنے کی دعائیں، بیت الخلا آنے جانے کی دعائیں، کھانے پینے، لباس اتارنے پہننے، جوتا اتارنے پہننے، سواری سفر کی دعائیں، اترائی اترنے، چڑھائی چڑھنے کی دعائیں، صبح شام کے مسنون اذکار، ذاتی معاملات میں رب کو پکارنا، گھر میں داخل ہونے نکلنے کی دعائیں، آئینہ دیکھنے کی دعا، اچھی خبر کی دعا، پریشانی کی دعا، بارش کی دعا، قحط کی دعا، چاند سورج گرہن کے وقت کی دعائیں سبحان اللہ۔۔۔ ہر گوشہِ حیات کو منور کرنے کا عجب گُر سکھایا نہ صرف عبادات کے دوران کی دعائیں سکھائیں بلکہ ہر چھوٹے سے چھوٹے اور بڑے سے بڑے معاملے میں رب کو پکارنا سکھایا کہ اک عبد اور خالقِ حقیقی کا تعلق استوار رہے۔

مسنون دعائیں آپ ﷺ کا امت پر احسانِ عظیم ہیں، رب کی یہ مقبول دعائیں دو جہاں میں ہماری کامیابی کی ضمانت ہیں۔

ہمارے حضرت جی! حضرت مولانا شیخ ذوالفقار احمد نقشبندی مجددی دامت برکاتہم العالیہ نے ایک بیان اک عجیب دعا کے بارے میں بتلایا آئیے اس دعا کو سیکھ کر ہم بھی سکھ سمیٹ لیں ان شاءاللہ۔۔۔

حضرت جی دامت برکاتہم العالیہ فرماتے ہیں کہ “کئ لوگوں کو دیکھا کہ بیمار ہوتے ہیں، کبھی ہسپتال کا چکر، کبھی ڈاکٹر کے پیچھے۔۔۔

 تو نبی کریم ﷺ نے ایک حدیثِ پاک میں فرمایا، اس حدیث کو مسند احمد اور طبرانی نے روایت کیا کہ جو شخص فجر کے بعد تین مرتبہ یہ دعا پڑھ لے تو اللّٰہ تعالٰی چار مرضوں سے اس کو نجات عطا فرما دیتے ہیں۔

 امید ہے کہ مستورات توجہ سے یہ بات سنیں گی اور اسکی اہمیت کو ذرا سمجھیں گی۔

 

پاگل پن    

اگر کوئی آدمی مینٹلی ان بیلنسڈ ہو، ریٹاڈڈ ہو، یا جس بندے کو چیزیں بھول جاتی ہوں، یا چیزیں یاد نہ رہتی ہوں، ذہن سے متعلقہ جو بیماریاں ہیں وہ اسی پاگل پن کے زمرے میں آئیں گی۔ یا کسی کو مرگی کی بیماری ہوتی ہے، وہ بھی اسی زمرے میں آئے گی۔ تو پہلی بیماری جو اللّٰہ تعالٰی دور کرتے ہیں وہ ہے پاگل پن۔

 

 کوڑھ پن

کوڑھ پن کہتے ہیں چہرہ بدصورت ہو جانا۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ برص کی بیماری ہو جائے۔ جیسے بعض عورتوں کو جلد بلکل سفید ہو جاتی ہے اور عجیب بدنما چہرہ ہو جاتا یے۔ یا کئ مرتبہ جسم پہ تِل اتنے نکل آتے ہیں، دانے اتنے نکل آتے ہیں کہ چہرہ بدنما ہو جاتا ہے۔ یا چہرے پر داغ پڑ جاتے ہیں کالے رنگ کے۔ تو چہرے پہ داغ پڑیں، دانے بنیں یا چہرے پہ برص کے نشان پڑیں، کوئ بھی چیز ہوگی وہ اسی کوڑھ پن کے زمرے میں آئے گی کہ جس سے انسان کا چہرہ بدصورت ہوتا ہو۔ یہ بیماری بھی اللّٰہ دور فرما دیں گے۔ اب جن بچاریوں کو بیوٹی پارلر پہ جانے کا شوق رہتا ہے اور اپنے چہرے پہ پتہ نہیں کیا کیا پروسس وہ کرواتی ہیں۔ تو ان کو چاہیے کہ وہ اس دعا  کو بار بار پڑھیں تاکہ اللّٰہ تعالٰی ان کے چہروں کی خوب صورتی دیر تک سلامت رکھیں۔

 

اندھا پن

اندھے پن سے مراد کہ یا تو آنکھوں کی بینائی ہی چلی گئی یا آنکھوں میں موتیا آگیا یا آنکھوں پہ عینک لگانی پڑ گئی۔ یہ سب ایک ہی بیماری کی تفصیلات ہیں۔ تو جن کی نظر کمزور وہ بھی پڑھ سکتی ہیں یا جن کو لینز لگانے پڑتے ہیں کنٹیکٹ لینز صحیح یا کوئ اور اس مصیبت سے بھی جان چھوٹ گئی اور جن کی بینائی چلی گئی اللّٰہ ان کےلئے بھی آسانیاں فرما دیتے ہیں۔

تو  پاگل پن کی بیماری ختم، کوڑھ پن کی بیماری ختم، اندھے پن کی بیماری ختم اور چوتھا فرمایا فالج کی بیماری ختم۔

 

 فالج

فالج ایک تو ہوتا ہے کہ انسان کا ہاتھ یا پاؤں کام ہی نہ کریں اور ایک یہ بھی ہوتا ہے کہ اتنی کمزوری کہ عورت کہتی ہے کہ مجھ سے تو کھڑا ہی نہیں ہوا جاتا، میرے پاؤں سُن ہو جاتے ہیں، میرے ہاتھ سُن ہو جاتے ہیں۔ یہ ساری چیزیں کمزوری اور فالج کی ابتدائی مراحل ہیں۔ تو یہ سب چیزیں ٹھیک ہو جاتی ہیں۔

اب بتائیں کہ اتنی بڑی بڑی بیماریوں سے جس بندے کو بچنے کی خوشخبری مِل رہی ہو تو وہ تو پھر اس عمل کو کیے بغیر رہ ہی نہیں سکتا اور یہ عمل دیکھو چھوٹا کتنا ہے، وہ جو فقرہ فرمایا حدیث میں وہ ہے۔۔۔

 

سُبْحَانَ ﷲِ الْعَظِیْمِ وَبِحَمْدِہِ وَلاَ حَوْلَ وَلاَ قُوَّۃَ اِلاَّ بِااللہِ

 

اتنا سا فقرہ پڑھنے پر اللّٰہ چہرہ بھی پُرنور بنا دیتے ہیں، میموری بھی تیز کر دیتے ہیں، اللّٰہ تعالٰی بینائی بھی تیز کر دیتے ہیں اور اللّٰہ تعالٰی جسم میں طاقت بھی بھر دیتے ہیں۔”

واقعی نبی کریم ﷺ نے تو حق ادا کر دیا اور اپنے امتیوں کو ایسی التجائیں سیکھا دیں کہ رب کا قرب بھی حاصل ہو اور راحتِ دو جہاں کا ساماں بھی ہو جائے۔ وہ جو برسوں ہمارے لیے روۓ امتی امتی پکارتے رہے کاش ہم امتی ان کی ہر ادا کے شیدائی بن جائیں۔ اتباعِ سنت اور مسنون  دعاؤں والی کتب کے مطالعے سے ہم اپنی بے نور زندگی کو منور کر سکتے ہیں۔ اس ضمن مسنون دعاؤں کی کتب کا مطالعہ کر کے زوزانہ کی بنیاد پر مختلف مسنون دعاؤں کو حفظ بھی کیا جاۓ اور روزانہ کی بنیاد پر مشق بھی کی جاۓ تاکہ سنّت کا نور حاصل ہو سکے۔

 

حضرت جی دامت برکاتہم العالیہ کی کتب

 “پیارے رسول ﷺ کی پیاری دعائیں

با ادب با نصیب

اور حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی کتاب “علیکم بسنتی” سے بھر پور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

یہ مختصر کتب جامع ترین اور بہت برکات کی حامل ہیں۔ طریقہ یہ ہوگا کہ روزانہ کی بنیاد پر ایک صفحہ کا مطالعہ کر کے مشق کرتے جائیں اور  گھر میں لکھ کر بھی لگا دیں تو ان شاءاللہ رحمتِ الٰہی چھم چھم برسے گی اور سنّت کو زندہ کرنے کا ثواب بھی۔۔۔

جَزَی اللہُ عَنَّا سیدنا مُحَمَّداً (صلی اللہ علیہ وسلم) مَّا ھُوَ اَھْلُہ۔

 

مُفلسِ زندگی اب نہ سمجھے کوئی

مجھ کو عشقِ نبی اِس قدر مل گیا

جگمگائے نہ کیوں میرا عکسِ درُوں

ایک پتھر کو آئینہ گر مل گیا